کراچی (نامہ نگار) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد صلح ہونے کے باوجود ایک مشتعل شخص نے دوسری گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ ڈیفنس کے علاقے خیابانِ شہباز میں پیش آیا، جہاں دو گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد ان میں سوار افراد کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ موقع پر موجود لوگوں نے مداخلت کرکے دونوں فریقین کے درمیان صلح کروا دی تھی۔
پولیس کے مطابق صلح ہونے کے باوجود ایک شخص مشتعل ہوگیا اور اس نے دوسری گاڑی پر فائرنگ کردی، جبکہ گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیے گئے۔واقعے کا مقدمہ تھانہ درخشاں میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس واقعے سے متعلق مزید کارروائی کر رہی ہے۔

