نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نے کوئنز بورو صدر کے اشتراک سے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا، جس میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتو زئی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں نیویارک بھر سے پاکستانی امریکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد اتو زئی نے پاکستانی امریکی برادری کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے قیام کیلئےجدوجہد اور قربانیاں دینے والے بانیان پاکستان اور عوام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے امریکہ کی سماجی، معاشی اور ثقافتی ترقی میں پاکستانی امریکیوں کے قابل قدر کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکی برادری امریکہ میں اپنی خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط روابط بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
تقریب میں پاکستان سے گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی مفاہمت کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھا جائے گا۔

