کیلیفورنیا (نمائندہ خصوصی)سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، بارکلے میں اپنے صاحبزادے رحمت وڑائچ کی گریجویشن تقریب میں روایتی پنجابی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے شرکت کی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
باپ بیٹے نے سفید رنگ کے روایتی شملے، جسے بعض علاقوں میں “قلہ” یا “پگ” بھی کہا جاتا ہے، کے ساتھ شیروانی زیب تن کی۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس انداز کو پنجابی ثقافت اور دیسی شناخت کی خوبصورت نمائندگی قرار دیا جبکہ متعدد حلقوں میں “بارکلے یونیورسٹی میں جٹ دا کھڑاک” کا جملہ بھی خاصا مقبول رہا۔
سہیل وڑائچ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں رحمت وڑائچ اور ان کے ساتھی طلبہ و والدین کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں۔ تصاویر میں گریجویشن تقریبات اور بعد ازاں منعقدہ ملاقاتوں کی جھلکیاں شامل ہیں، جہاں پاکستانی ثقافتی لباس نے غیر ملکی شرکاء کی بھی توجہ حاصل کی۔
رپورٹس کے مطابق رحمت وڑائچ گزشتہ چند برس سے بارکلے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھے اور سہیل وڑائچ اس سے قبل بھی بیٹے کے ساتھ یونیورسٹی سے متعلق تصاویر اور پیغامات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے ہیں۔
بارکلے یونیورسٹی دنیا کی ممتاز جامعات میں شمار ہوتی ہے، جسے تحقیق، سیاسی شعور اور تعلیمی معیار کے حوالے سے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل ہے۔ 1868 میں قائم ہونے والی اس جامعہ سے وابستہ متعدد شخصیات نوبیل انعامات بھی حاصل کر چکی ہیں۔

