کینیڈا: تیز رفتار ریل منصوبے کیلئے زمینوں پر حکومتی اختیارات بڑھانے کی تجویز

اوٹاوا (کینیڈین پریس) کینیڈا کی وفاقی حکومت نے ٹورنٹو سے کیوبک سٹی تک مجوزہ تیز رفتار ریل منصوبے کے لیے زمینیں حاصل کرنے کے اختیارات میں وسیع اضافے کی تجویز پیش کردی ہے، جس کے تحت زمینوں کی جبری تحویل کے روایتی قانونی طریقہ کار اور بعض نگرانی کے ضوابط میں بڑی تبدیلیاں کی جاسکیں گی۔

کینیڈین پریس کے مطابق حکومت کی مجوزہ قانون سازی میں الٹو ریل منصوبے کو زمینیں حاصل کرنے کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی تجویز شامل ہے۔ ان تبدیلیوں کے تحت حکومت بعض صورتوں میں عوامی سماعت کے بغیر نجی زمینیں حاصل کرسکے گی، جبکہ زمینوں کی فروخت اور ان پر تعمیراتی کام کرنے کے حق پر بھی پابندیاں عائد کی جاسکیں گی۔

مجوزہ اقدامات کے تحت بعض املاک پر 8 سال تک حکومت کے پہلے خریداری کے حق کا اطلاق ہوسکے گا، جبکہ مخصوص زمینوں پر 4 سال تک تعمیراتی کام روکنے کی پابندی بھی لگائی جاسکے گی۔ اس دوران زمین کے مالکان کو تعمیرات یا بڑی تبدیلیوں کے لیے خصوصی اجازت درکار ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق منصوبے کے لیے زمین حاصل کرنے کے نئے طریقہ کار میں بعض معاملات کو موجودہ ضبطی قانون، ریلوے سے متعلق قوانین اور ماحولیاتی جائزے کے بعض ضوابط سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کو حاصل کی گئی زمین نجی کنسورشیم کے نام منتقل کرنے کا اختیار دینے کی بھی بات کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر ٹرانسپورٹ اسٹیون میک کینن نے مجوزہ اختیارات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد بڑے منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے بچنا ہے۔ ان کے مطابق قانونی کارروائی کے بنیادی تقاضے ختم نہیں کیے جارہے۔

تاہم اپوزیشن ارکان، کسانوں اور زمینوں کے مالکان نے مجوزہ تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اونٹاریو سے کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ مائیکل بیرٹ نے خدشہ ظاہر کیا کہ نئے ضوابط سے نجی املاک کے مالکان کے حقوق متاثر ہوسکتے ہیں اور دیہی آبادیوں میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

الٹو ریل منصوبے کے تحت ٹورنٹو سے کیوبک سٹی تک تقریباً 1000 کلومیٹر طویل تیز رفتار ریلوے لائن تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، جس پر ٹرینیں 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں گی۔ منصوبے کی متوقع لاگت 60 سے 90 ارب ڈالر بتائی گئی ہے، جبکہ مونٹریال سے اوٹاوا کے درمیان تعمیراتی کام 2030ء تک شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔