کینیڈا: چائلڈ فیملی سروسز کی تحویل میں 5 سالہ بچی کی موت، اہل خانہ نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

وین پیگ (سی بی سی) کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا میں چائلڈ اینڈ فیملی سروسز کی تحویل میں رہنے والی 5 سالہ بچی کی موت کے واقعے نے اہل خانہ کو غم و صدمے میں مبتلا کردیا، جبکہ خاندان نے حکام سے بچی کی موت کی وجوہات اور حالات سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سی بی سی کے مطابق بچی کی شناخت بیلی برینز کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کی والدہ بریانا برینز کا کہنا ہے کہ وہ 20 نومبر کو اپنی بیٹی سے معمول کی ملاقات کی توقع کررہی تھیں، تاہم ملاقات کے لیے پہنچنے پر محکمے کے اہلکاروں نے انہیں بتایا کہ ان کی بیٹی گزشتہ رات انتقال کرگئی ہے۔

والدہ کے مطابق بیلی کو مارچ 2026ء میں فوسٹر کیئر میں منتقل کیا گیا تھا۔ وہ اپنی بیٹی کو واپس گھر لانے کے لیے والدین کی تربیت اور ذہنی صحت سے متعلق پروگرام بھی مکمل کررہی تھیں۔

بیلی آٹزم کا شکار تھی اور بولنے سے قاصر تھی، تاہم اس کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی ضروریات اور اشاروں کو بخوبی سمجھتی تھیں۔ انہوں نے بچی کو زندگی سے بھرپور قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اسے گھر میں ادھر ادھر دوڑنا اور ہنسنا بہت پسند تھا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ بچی کی موت کیسے اور کن حالات میں ہوئی۔ خاندان کی نانی سو برینز نے بھی کہا کہ موت کی وجہ سے متعلق معلومات نہ ملنے کے باعث ان کے لیے صدمے سے نمٹنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

وین پیگ پولیس سروس کے مطابق پولیس کا چائلڈ ابیوز یونٹ واقعے کی تحقیقات کررہا ہے۔ پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ موت مشکوک حالات میں ہوئی یا نہیں، جبکہ بچی کی موت کی وجہ بھی سامنے نہیں آئی۔

مینی ٹوبا کے بچوں اور نوجوانوں کے حقوق کے نگران ادارے کو بھی واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق قانون کے تحت اس کی حدود میں آنے والی بچوں کی اموات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

صوبائی وزیر برائے خاندانی امور ناہانی فونٹین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تحقیقات میں متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون کرے گی اور مزید معلومات دستیاب ہونے پر خاندان کو آگاہ کیا جائے گا۔