اسٹراسبرگ (رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس) یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے کہا ہے کہ کینیڈا یورپی یونین کا یورپ سے باہر پہلا ایسوسی ایٹ رکن بن سکتا ہے، اس حوالے سے انہوں نے یورپی پارلیمنٹ میں اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کو تعاون کی پیشکش کی۔
مارک کارنی سے مخاطب ہوکر ارسلا واندرلین نے کہا کہ وہ کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو ممکنہ حد تک اعلیٰ ترین سطح پر لے جانا چاہتی ہیں اور کینیڈا کو یورپی یونین کا پہلا ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی راہ ہموار کرنے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں یورپی یونین کے رکن ممالک اور شراکت دار ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے لیے نئے یورپی سیکیورٹی کونسل اور ہنگامی سیکیورٹی پروٹوکول کی تجویز بھی پیش کی۔ ان کے مطابق کسی رکن ملک کو ہائبرڈ حملے یا کسی بڑے سیکیورٹی خطرے کا سامنا ہونے کی صورت میں مشترکہ یورپی ردعمل کے لیے رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری کی جائے گی۔
ارسل واندرلین نے کہا کہ اس سیکیورٹی تعاون میں یوکرین، برطانیہ، ناروے، کینیڈا اور دیگر شراکت داروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔یورپی کمیشن کے مطابق اسٹیٹ آف دی یونین خطاب ہر سال یورپی پارلیمنٹ میں کیا جاتا ہے، جس میں گزشتہ سال کی پیش رفت کا جائزہ اور آنے والے سال کیلئے کمیشن کی ترجیحات بیان کی جاتی ہیں۔

