’’ہم تمہیں ڈھونڈ نکالیں گے‘‘،ایرانی سفارتخانے کی امریکی بحریہ کے 2 افسران کو دھمکی

واشنگٹن، تہران (فاکس نیوز، این ڈی ٹی وی) ایران کے سفارتخانے نے جنوبی افریقا میں امریکی بحریہ کے 2 اعلیٰ افسران کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ’’ہم تمہیں ڈھونڈ نکالیں گے‘‘۔

ایرانی سفارتخانے نے 13 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس اسپرونس کے کمانڈر لیفٹیننٹ کمانڈر لی ٹَیٹ اور جہاز کے ایگزیکٹو آفیسر جیفری ای یارک کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے یہ پیغام جاری کیا۔

ایرانی سفارتخانے نے اس سے قبل 28 مارچ کو بھی دونوں افسران کی تصاویر جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ایران کے شہر میناب میں ایک ابتدائی اسکول پر تین مرتبہ ٹوماہاک میزائل حملے کرنے کا حکم دیا تھا، جن کے نتیجے میں 168 بچے ہلاک ہوئے تھے۔ سفارتخانے نے انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے سوال کیا تھا کہ کیا ان کے اپنے بچے نہیں ہیں؟

تازہ دھمکی اس وقت سامنے آئی جب امریکی بحریہ کا جنگی جہاز یو ایس ایس اسپرونس تقریباً 357 روزہ تعیناتی مکمل کرکے جمعے کو کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو واپس پہنچا۔ یہ امریکی بحریہ کے کسی تباہ کن جنگی جہاز کی دوسری جنگ عظیم کے بعد طویل ترین تعیناتی قرار دی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے ایک روز قبل ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر کسی اعلیٰ امریکی عہدیدار کو قتل کیا گیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔

دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے تصدیق کی ہے کہ جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر خفیہ سروس کے مشورے پر انہوں نے واشنگٹن کے قریب اپنی رہائش گاہ چھوڑ کر فوجی اڈے پر منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

امریکی دفاعی امور کے ماہر بہنام بن طالب لو نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی سفارتخانے کی جانب سے امریکی فوجی افسران کی شناخت ظاہر کرکے انہیں نشانہ بنانے کی بات کرنا امریکی حکام کے لیے تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔ تاہم میناب اسکول پر حملے میں ان دونوں افسران کے کردار سے متعلق ایرانی الزام کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔