تہران ( ایرانی میڈیا)ایرانی آرمی چیف امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران کی فوج ہر قسم کی محاذ آرائی اور قربانی کے لیے تیار ہے اور “ہماری فوج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں”۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج آخری سانس تک دشمن کا مقابلہ کریں گی اور قومی خودمختاری و سلامتی کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی علاقائی سالمیت اور زمینی، فضائی و بحری حدود کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا اور اس سلسلے میں اقدامات جاری رکھے گا۔
امیر حاتمی نے مزید کہا کہ فوج، مسلح افواج کی دیگر شاخوں کے ساتھ مل کر دشمن کا فیصلہ کن انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور اپنی عسکری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج قربانی اور جہاد کے جذبے سے سرشار ہیں اور اپنے مشن سے غیر متزلزل وابستگی رکھتی ہیں۔
ایرانی آرمی چیف کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے پیغام نے فوجی جوانوں کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں اور وہ ایران کی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔دوسری جانب ایرانی ایرو اسپیس کمانڈر نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران بھی میزائل لانچرز کی تجدید کی رفتار میں اضافہ کیا گیا ہے۔

