ہیمنت کمارکے بیٹے،موسومی چیٹرجی کے شوہر جینتا مکھرجی78برس کی عمرمیں انتقال کرگئے

فلم ساز اور موسیقار جینتا مکھرجی طویل عرصے سے عمر سے متعلق عوارض میں مبتلا تھے
ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی، معروف گلوکار و موسیقار ہیمنت کمار کے صاحبزادے تھے

ممبئی (خبر ایجنسیاں) معروف بھارتی اداکارہ موسومی چیٹرجی کے شوہر، فلم ساز اور موسیقار جینتا مکھرجی 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ جمعرات 12 نومبر کو ممبئی کے علاقے کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے عمر سے متعلق طبی مسائل کا سامنا کررہے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جینتا مکھرجی کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل خراب تھی اور انتقال سے قبل ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی تھی۔ انہیں اسپتال بھی لے جایا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اہل خانہ کو گھر لے جانے کا مشورہ دیا۔ مغربی بھارت کی فلمی ملازمین کی تنظیم کے صدر بی این تیواری نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عمر سے متعلق عوارض کے باعث اپنی رہائش گاہ پر چل بسے۔

جینتا مکھرجی معروف گلوکار اور موسیقار ہیمنت کمار کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر موسیقی سے بھی وابستگی رکھی، تاہم فلمی دنیا میں زیادہ تر پسِ پردہ رہ کر کام کیا۔ وہ فلموں ’’مزاق‘‘، ’’دو لڑکے دونوں کڑکے‘‘ اور ’’بیوی اور مکان‘‘ سے بطور فلم ساز وابستہ رہے، جبکہ 1992ء میں نشر ہونے والے ٹیلی وژن ڈرامے ’’تلاش‘‘ میں بھی ان کا کردار رہا۔

موسومی چیٹرجی اور جینتا مکھرجی کی شادی 1972ء میں ہوئی تھی۔ اس وقت موسومی کی عمر صرف 15 برس تھی۔ دونوں کی ازدواجی زندگی پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط رہی۔ ان کی دو بیٹیاں پائل اور میگھا تھیں۔ بڑی بیٹی پائل دسمبر 2019ء میں 45 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔

جینتا مکھرجی کے انتقال پر بھارتی فلمی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ موسومی چیٹرجی اور چھوٹی بیٹی میگھا مکھرجی شامل ہیں۔