صنعاء(عرب میڈیا، خبر ایجنسیاں)یمن کے صوبوں مارب اور حضرموت میں حوثی باغیوں کے حملوں میں یمنی ایمرجنسی فورسز کے اہلکاروں سمیت 45 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے مارب گورنریٹ کے قریب یمنی ایمرجنسی فورسز کی ایک چھاؤنی کو تین مختلف سمتوں سے نشانہ بنایا۔ حملوں میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق حملوں کے دوران خودکش ڈرون طیاروں سمیت 20 سے زائد پروجیکٹائل داغے گئے، جس سے فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت یمنی سرکاری فورسز کے اہلکاروں کی ہے، جبکہ حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی اور سیکیورٹی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔تاحال حوثی گروپ کی جانب سے حملوں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ یمنی حکام واقعے کی مزید تفصیلات اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

