آبنائے ہرمز کے قریب فوجی جہازوں پر کارروائی ہوگی:ایرانی پاسداران انقلاب

تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، تسنیم نیوز، پریس ٹی وی)پاسداران انقلاب ایران نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے فوجی جہازوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائیگا اور ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ان کے کنٹرول اور “اسمارٹ میری ٹائم مینجمنٹ” کے تحت ہے، اور اس حساس آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔

ادھر ایران کے سپریم لیڈر کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی”کنجی ایران کے ہاتھ میں ہے” اور اس خطے میں ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔

انہوں نے اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی سفارتکاری ہمیشہ اپنے قومی مفادات کے گرد گھومتی ہے اور ملک کسی بھی صورت اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے، اسلئے یہاں کی صورتحال عالمی معیشت اور سکیورٹی کیلئے نہایت حساس سمجھی جاتی ہے۔