اسلام آباد:پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا دفتر خارجہ اسلام آباد آمد پر خیرمقدم کیا۔ انیتا آنند کی وزارت سنبھالنے کے بعد یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جبکہ تقریباً دو دہائیوں بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا یہ پہلا دوطرفہ دورہ بھی ہے۔

دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار اور انیتا آنند نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں کینیڈین وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم زرعی معاہدہ بھی طے پایا، جس کے تحت کینیڈا سے جینیاتی طور پر بہتر بنائی گئی کینولا کی درآمد خوراک، جانوروں کی خوراک اور صنعتی پراسیسنگ کے مقاصد کے لیے ممکن ہو سکے گی۔ اس پیش رفت کو زرعی شعبے میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

مذاکرات میں زراعت، کان کنی، توانائی اور آٹو موبائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس امر پر زور دیا کہ کینیڈا میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد افراد دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فریقین نے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے سالانہ وزارتی سطح کے اجلاسوں کے انعقاد، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ انیتا آنند کا یہ دورہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط، اقتصادی تعاون اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔