اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈنگ، لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ

لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کیے گئے شہری کی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیا گیا اقدام عدالت عالیہ لاہور کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

جسٹس منور اقبال دوگل نے 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔عدالت کے فیصلے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) وفاقی ادارہ ہونے کی بنیاد پر ہر ہائیکورٹ کو اسلام آباد میں کیے گئے اقدامات کے خلاف کارروائی کا اختیار نہیں دیا جاسکتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ تمام ہائیکورٹس کو اسلام آباد میں کیے گئے اقدامات پر اختیار دینا آئین کے آرٹیکل 199 کی علاقائی پابندی کو غیر مؤثر کردے گا۔عدالت نے قرار دیا کہ آئین کا آرٹیکل 199 ہائیکورٹ کے غیر معمولی اختیار پر علاقائی حدود کی واضح پابندی عائد کرتا ہے، جبکہ صرف درخواست گزار کی پنجاب میں رہائش لاہور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار قائم نہیں کرتی۔

فیصلے کے مطابق کسی وفاقی حکم یا مسلسل پابندی کے پنجاب میں اثرانداز ہونے کی صورت میں درخواست گزار کی رہائش متعلقہ ہوسکتی ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ درخواست خارج کرنے کا مطلب اسلام آباد ایئرپورٹ پر شہری کو آف لوڈ کرنے کے اقدام کو قانونی قرار دینا نہیں، بلکہ آف لوڈنگ کی قانونی حیثیت کا فیصلہ متعلقہ ہائیکورٹ ہی کرے گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کیے جانے کے خلاف متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔