پی ٹی آئی کا ماننا ہے یہ اسمبلیاں غلط طریقے سے آئیں:سہیل آفریدی

کراچی(نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ماننا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں غلط طریقے سے آئی ہیں۔کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے عزت دی ہے اور ہمت سے فسطائیت کا مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، ایک طرف بلاول کو خوش آمدید کہتے ہیں اور راستے میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ کراچی میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، تحریک انصاف کا ماننا ہے کہ یہ اسمبلیاں غلط طریقے سے آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ پڑوسیوں سے خطرہ ہے، اس وزیراعلیٰ کی جماعت کی وفاق میں بھی حکومت ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ اس جماعت کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ معاملات بانی پی ٹی آئی کے دور میں بہتر تھے، ہم نے پالیسی پر تنقید کی تو کہا جاتا ہے کہ افغانستان چلے جاؤ۔انہوں نے کہا کہ میں بسوں اور رکشوں میں اسکول جاتا تھا، میں بانی پی ٹی آئی کا رشتے دار نہیں اور نہ ہی ارب پتی ہوں۔