اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا۔
استقبالی تقریب میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر طلال چوہدری نے ایرانی وزیرِ داخلہ کو گلدستہ پیش کیا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسکندر مومنی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے دوران علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون سے متعلق اہم پیش رفت ہوگی۔
ایرانی وفد میں گورنر سیستان و بلوچستان، ایران کے نائب وزیرِ داخلہ، نائب وزیر برائے شہری ترقی و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیرِ زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
دورے کے دوران ایرانی وزیرِ داخلہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جس میں علاقائی سلامتی، سرحدی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
اسکندر مومنی حالیہ عرصے میں خطے میں جاری سفارتی اور مذاکراتی کوششوں میں بھی فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں، اور ان کے اس دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

