نیویارک (نمائندہ خصوصی)امریکی ریاست نیوجرسی کی برگن کاؤنٹی میں پاکستان کے یومِ آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کاؤنٹی اور گردونواح سے بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی۔
پاکستان کے قونصل جنرل نیویارک عامر احمد اعوانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور 14 اگست کو قومی فخر، ماضی کی یاد اور پاکستان کی ترقی کیلئے نئے عزم کا دن قرار دیا۔

قونصل جنرل نے امریکا میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے معاشی، سماجی اور شہری زندگی میں اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکیوں نے پاکستان کی ثقافت، ورثے اور اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے بھی قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔
تقریب میں شرکاء نے وطن سے محبت کے اظہار کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کے درمیان دیرینہ تعلق اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

