انمول عرف پنکی کے 9 منشیات مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ کالعدم قرار

کراچی(نامہ نگار)کراچی کی سیشن عدالت جنوبی نے انمول عرف پنکی کے خلاف درج 9 منشیات مقدمات میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی جانب سے دیا گیا جوڈیشل ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا۔

سیشن عدالت جنوبی میں گزری اور درخشاں تھانوں میں درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں درخشاں تھانے کے 5 جبکہ گزری تھانے کے 4 مقدمات میں تفتیشی افسران نے نظرثانی کی درخواستیں دائر کی تھیں، جنہیں عدالت نے منظور کر لیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ نے مختلف مقدمات میں متضاد احکامات جاری کرکے غیر قانونی اقدام کیا۔

عدالتی ریمارکس کے مطابق تھانہ بغدادی کے مقدمے میں ملزمہ کا پولیس ریمانڈ دیا گیا جبکہ دیگر مقدمات میں انہیں جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا، جو قانونی طور پر متضاد اور ابہام پیدا کرنے والا فیصلہ ہے۔سیشن عدالت نے قرار دیا کہ ایک ہی وقت میں کسی ملزم کو ایک مقدمے میں پولیس تحویل اور دیگر مقدمات میں جیل بھیجنے کا حکم قانون کے مطابق درست نہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ کا جوڈیشل ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم تصور کیا جائے اور ملزمہ انمول عرف پنکی کو 17 مئی تک پولیس ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔عدالت نے مزید ہدایت کی کہ ملزمہ کو مزید ریمانڈ کے لیے متعلقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے جبکہ مجسٹریٹ قانون کے مطابق درخواست پر فیصلہ کریں۔