ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ فری زونز میں ٹیکس فری سہولیات اور 30 دن میں این او سی کے حصول کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
یہ بات انہوں نے جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی۔
اشرف خان لودھی نے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کیلئے نکلے ہوئے ہیں اور پاکستان کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں، اس میں آپ کا بڑا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں بہت کم وزرا ایسے ہیں جو بیرون ملک آکر پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو مختلف مراعات دی جارہی ہیں، جن میں کئی سال کیلئے ٹیکس میں سہولت اور فری زونز شامل ہیں۔
اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کیلئے این او سی کے حصول کو بھی آسان بنایا گیا ہے اور 30 دن کے اندر این او سی فراہم کرنے کا نظام موجود ہے۔
اشرف خان لودھی نے پنجاب حکومت کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ چوہدری شافع حسین کو کامیاب کرے اور پاکستان کو ترقی دے۔
چوہدری شافع حسین نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی جانب سے پاکستان کی ترقی کے حوالے سے مثبت کردار بھی اہم ہے۔ انہوں نے اشرف خان لودھی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ملاقات کرکے انہیں دلی خوشی ہوئی۔

