اوٹاوا:پیٹرولیم مصنوعات پر فیڈرل ٹیکس عارضی طور پر ختم کرنے کا اعلان

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے پیٹرول، ڈیزل اور ایوی ایشن فیول پر فیڈرل ایکسائز ٹیکس عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 10 سینٹ اور ڈیزل میں 4 سینٹ فی لیٹر کمی ہوگی۔

حکومتی اعلان کے مطابق یہ ریلیف پیر سے نافذ ہوگا اور لیبر ڈے تک جاری رہے گا، جبکہ اس اقدام سے قومی خزانے پر تقریباً 2.4 ارب ڈالر کا بوجھ پڑنے کا تخمینہ ہے۔وزیراعظم مارک کارنی نے اوٹاوا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے باعث دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے کینیڈا بھی متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوام کو قلیل مدتی دباؤ سے نکالنے کیلئے ایک عارضی ریلیف فراہم کریگااور معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد دیگا۔حکومت کے مطابق اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ، زراعت، خوراک، تعمیرات اور ڈیلیوری کے شعبوں سے وابستہ کاروباروں کے اخراجات میں کمی آئیگی۔

ادھر عالمی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہوئی، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی سپلائی گزرتی ہے۔