اوٹاوا(نمائندہ خصوصی) ٹورنٹو کے حلقہ اسکاربرو ساؤتھ کے وفاقی ضمنی انتخاب میں ڈولی بیگم کامیاب ہوگئیں، ان کی جیت سے لبرل پارٹی کو پارلیمنٹ میں معمولی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔
ڈولی بیگم، جو اس سے قبل نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کی صوبائی رکنِ اسمبلی تھیں، حال ہی میں لبرل پارٹی میں شامل ہو کر ضمنی انتخاب میں حصہ لیا اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے تقریباً 70 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ٹرن آؤٹ کم رہا اور صرف ایک تہائی ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
یہ نشست اس وقت خالی ہوئی تھی جب طویل عرصے سے رکنِ پارلیمنٹ رہنے والے بل بلیئر نے استعفیٰ دے کر برطانیہ میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھالا۔ضمنی انتخاب میں کنزرویٹو امیدوار ڈیانا فلیپووا نے تقریباً 18 فیصد، این ڈی پی کی فاطمہ شعبان نے 6 فیصد جبکہ گرین پارٹی کی پوجا ملہوترا نے 2.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
لبرل پارٹی نے پیر کی شب ہونے والے تینوں ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد پارٹی کی نشستیں 174 ہوگئیں، جبکہ سادہ اکثریت کے لیے 172 نشستیں درکار تھیں۔ اس طرح وزیرِاعظم مارک کارنی کی حکومت کو معمولی برتری حاصل ہوگئی ہے۔کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے ڈولی بیگم نے کہا کہ یہ کامیابی کمیونٹی کے اتحاد، امید اور ترقی کے انتخاب کی عکاس ہے۔
وزیرِاعظم مارک کارنی نے بھی ڈولی بیگم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمیونٹی کے بہتر مستقبل کے لیے مؤثر جدوجہد کرتی رہی ہیں اور ان کا تجربہ کینیڈا کو مزید مضبوط اور منصفانہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

