اوٹاوا (دی کینیڈین پریس)کینیڈا کی وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ “کینیڈا اسٹرونگ پاس” آئندہ ماہ دوبارہ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت ریل سفر، قومی عجائب گھروں اور قومی پارکس میں خصوصی رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔کینیڈین ہیریٹیج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پاس 19 جون سے 7 ستمبر تک دستیاب ہوگا۔
اس پروگرام کے تحت پارکس کینیڈا کے تمام مقامات میں مفت داخلہ دیا جائے گا جبکہ کیمپنگ فیس میں 25 فیصد رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔اسی طرح ویا ریل کینیڈا کے ذریعے والدین کے ساتھ سفر کرنے والے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے مفت سفر کی سہولت ہوگی، جبکہ 18 سے 24 سال عمر کے مسافروں کو کرایوں میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔
قومی عجائب گھروں میں بھی 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے مفت داخلہ اور 18 سے 24 سال کے افراد کے لیے 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ صوبائی اور علاقائی عجائب گھر اور آرٹ گیلریاں بھی اسی نوعیت کی رعایتیں فراہم کریں گی۔
کینیڈین ہیریٹیج کے مطابق گزشتہ سال شروع کیے گئے اس پروگرام کے نتیجے میں ویا ریل کینیڈا کے مسافروں کی تعداد میں 6.5 فیصد، پارکس کینیڈا کے مقامات پر آنے والوں میں 13 فیصد جبکہ قومی عجائب گھروں میں اوسطاً 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پارکس کینیڈا کی ترجمان میگن ہوپ کے مطابق گزشتہ برس 20 جون سے 2 ستمبر کے دوران تقریباً ایک کروڑ 45 لاکھ افراد نے پارکس کینیڈا کے مقامات کا دورہ کیا۔رپورٹ کے مطابق قومی تاریخی مقامات پر آنے والوں کی تعداد میں تقریباً 20 فیصد جبکہ قومی پارکس میں تقریباً 9 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
شمال مغربی علاقوں اور نوناوٹ میں سیاحوں کی تعداد میں مشترکہ طور پر 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نیو فاؤنڈ لینڈ اور لیبراڈور میں یہ اضافہ 58 فیصد رہا۔تاہم سسکیچیوان واحد صوبہ رہا جہاں پارکس کینیڈا کے مقامات پر آنے والوں کی تعداد میں 25 فیصد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ “کینیڈا اسٹرونگ پاس” کی رواں موسمِ گرما کے لیے تجدید کا اعلان گزشتہ خزاں میں کیا گیا تھا، اسی وقت موسمِ سرما کے پاس کا بھی اعلان کیا گیا تھا جو 12 دسمبر سے 15 جنوری تک مؤثر رہا۔حکام کے مطابق یہ پاس کینیڈین شہریوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

