ایرانی خبر رساں ادارے نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی نایاب ویڈیو جاری کردی

تہران(شِنہوا،تسنیم نیوزایجنسی) ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارےتسنیم نیوزایجنسی نے ہفتے کو ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک نایاب ویڈیو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر جاری کردی۔ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای کو کئی افراد کے درمیان موجود دیکھا جاسکتا ہے، جہاں وہ اپنے اردگرد موجود افراد سے گفتگو کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم نیوزایجنسی کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ویڈیو کب اور کہاں ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ موجود افراد کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے تہران سمیت ایران کے دیگر شہروں پر مشترکہ حملے کیے تھے، جن میں ایران کے اس وقت کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور شہریوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایران نے ان حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی اور اسرائیلی اڈوں اور تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز سے متعدد حملے کیے تھے۔آیت اللہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو مارچ کے اوائل میں ایران کی مجلس خبرگان نے ملک کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا تھا۔

مجتبیٰ خامنہ ای کی حالیہ ویڈیو ان کی جانب سے منظرعام پر آنے والی نایاب ویڈیوز میں شمار کی جارہی ہے، تاہم تسنیم نیوزایجنسی کی رپورٹ میں ویڈیو کی ریکارڈنگ کے وقت اور مقام سے متعلق تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔