برن (ایجنسیاں) سوئٹزر لینڈ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اپنے موقف میں کہا ہے کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
سوئٹزر لینڈ کے وزیر دفاع مارٹن فسٹر نے اتوار کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس فیڈرل کونسل کی رائے ہے کہ ایران پر حملہ تشدد کی ممانعت کے اصول کے خلاف ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کا اشارہ ان تمام ممالک کی طرف ہے جو تشدد کی ممانعت کے اصول پر عمل نہیں کر رہے، جن میں امریکا اور اسرائیل بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کر کے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
دریں اثنا دیگر یورپی رہنماؤں نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیا ہے۔ جرمنی کے نائب چانسلر اور وزیر خزانہ لارس کلنگ بائل نے کہا کہ انہیں اس جنگ کی قانونی حیثیت پر سنگین شبہات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا ایک ایسے خطرناک دور میں داخل ہو رہی ہے جہاں قوانین کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور طاقت کا قانون غالب آ رہا ہے۔ اسپین نے بھی ایران پر امریکی و اسرائیلی بمباری کو غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔
ماہرین نے عرب میڈیا کو بتایا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، جو جارحیت پر پابندی عائد کرتا ہے اور ان حملوں کے کوئی واضح قانونی جواز موجود نہیں۔

