ایران کا عمان کو اعتماد میں لے کر آبنائے ہرمز سے متعلق نیا ضابطہ نافذ

تہران( ایرانی وزارتِ خارجہ، بین الاقوامی میڈیا)ایران نے عمان کو اعتماد میں لے کر آبنائے ہرمز میں ٹریفک اور جہاز رانی کے انتظامات سے متعلق نیا ضابطۂ عمل نافذ کر دیا ہے۔ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران اور عمان وہ دو ممالک ہیں جنہیں آبنائے ہرمز پر خود مختاری کے اختیارات حاصل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آبی گزرگاہ میں ٹریفک اور نیویگیشن کے کنٹرول سے متعلق نئے انتظامات عمان کے ساتھ مشاورت اور اعتماد میں لینے کے بعد نافذ کیے گئے ہیں۔کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران نے عمان پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی دباؤ اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لائے اور اپنے خودمختار فیصلے برقرار رکھے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ اگر عمان نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے دیگر ممالک جیسا طرزِ عمل اختیار نہ کیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، جس کے باعث اس خطے میں ہونے والی کسی بھی پیش رفت پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔