کراچی (نامہ نگار) وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 27 دسمبر 2007ء کو سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کراچی میں تین روز تک آگ اور خون کا کھیل کھیلا گیا، شہر میں گاڑیاں، فیکٹریاں اور صنعتی یونٹس جلائے گئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر اور میرپورخاص کا نام لے کر خون بہنے کی بات کی، جسے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان چھپی ہوئی دھمکی سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت، پولیس اور انتظامیہ پیپلز پارٹی کے پاس ہے، اس لیے بلاول بھٹو کے بیان کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں کراچی میں آگ اور خون کے واقعات کی ایک تاریخ موجود ہے۔
مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہونے والے ہنگاموں کے دوران شہر میں بڑے پیمانے پر جلاؤ گھیراؤ کیا گیا اور فیکٹریوں سمیت صنعتی یونٹس کو نذرِ آتش کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2008ء میں اُس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد 27 دسمبر 2007ء کے واقعات سے متعلق درج مقدمات واپس لینے کا حکم دیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں گرفتار افراد رہا ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے سکیورٹی خدشات اور ممکنہ تصادم کے پیش نظر اپنی 29 نومبر کی ریلی اور جلسہ ملتوی کیا ہے۔ اگر اجازت مل بھی جاتی تو کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے جماعت اجتماع منسوخ کر دیتی، کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہو اور اس کا الزام ایم کیو ایم پر عائد کیا جائے۔
مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پانی کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، جبکہ پانی کی فراہمی کے لیے ٹینکرز کا کاروبار جاری ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جا سکتا ہے تو شہریوں کو پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کیوں نہیں ملتا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 29 نومبر کو شارعِ فیصل پر ریلی اور باغِ جناح میں جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے اور سکیورٹی خدشات کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔ جماعت نے دسمبر میں نئی تاریخ دینے کا اعلان کیا ہے۔

