افغانستان میں اسکول کے قریب بارودی مواد کا دھماکا، 7 طلبہ جاں بحق، 97 زخمی

کابل (رائٹرز، اے پی، بی بی سی) افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسعدآباد میں ایک اسکول کے قریب بارودی مواد پھٹنے سے کم از کم 7 طلبہ جاں بحق اور 97 افراد زخمی ہوگئے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

افغان حکام کے مطابق دھماکا ہفتے کی صبح تقریباً 10 بجے ضلع اسعدآباد کے علاقے اندر سیر میں واقع شگئی مڈل اسکول کے قریب ایک مکان میں ہوا، جہاں کان کنی کے لیے استعمال ہونے والا دھماکا خیز مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔

صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ سمیع الحق حق بیان نے بتایا کہ دھماکے کے بعد 7 طلبہ کی لاشیں اور 97 زخمی افراد صوبائی اسپتال منتقل کیے گئے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں سے تقریباً 15 افراد کو اسپتال میں داخل رکھا گیا، جبکہ دیگر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

افغان طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ دھماکا کان کنی کی کمپنیوں کے زیر استعمال بارودی مواد کے ذخیرے میں غفلت اور حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث ہوا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کہا ہے کہ مکمل تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔

دھماکے سے قریبی مکانات اور اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی بچوں کو مقامی اسپتال منتقل کرنے کے لیے شہریوں نے اپنی گاڑیاں استعمال کیں۔ بعض زخمیوں کو مزید علاج کے لیے صوبے سے باہر بھی منتقل کیا گیا۔

صوبہ کنڑ پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے اور یہاں مختلف علاقوں میں کان کنی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق کان کنی کے لیے استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد کو آبادی اور تعلیمی اداروں کے قریب ذخیرہ کیے جانے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق افغانستان میں حالیہ دنوں کے دوران تعلیمی اداروں کے قریب دھماکوں کے دیگر واقعات بھی پیش آئے ہیں، جن میں طلبہ ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔