ماں کی دید کے منتظر معذور بیٹے کی موت، قید والدہ کو آخری جھلک کیلئے صرف 2 منٹ ملے

ڈھاکہ ( ڈھاکا ٹریبیون، دی ڈیلی اسٹار، پرتھم آلو) بنگلادیش میں قید ماں سے ملنے کی آرزو رکھنے والا 15 سالہ معذور بیٹا انتقال کر گیا، جس کی میت دیکھنے کیلئےوالدہ کو جیل کے دروازے پر صرف دو منٹ کی اجازت دی گئی۔ بیٹا پیدائش سے مختلف طبی پیچیدگیوں کا شکار تھا اور روزمرہ دیکھ بھال کے لیے اپنی ماں پر انحصار کرتا تھا۔

بنگلادیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق نوجوان کی شناخت نیسرگو حسین ترجو کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کی والدہ شرمین سلطانہ شرمی، جو سابقہ جوبو مہیلا لیگ کی مرکزی عہدیدار رہ چکی ہیں، تقریباً دو ماہ سے غازی پور کی کاشیم پور خواتین کی مرکزی جیل میں قید ہیں۔ انہیں 3 اکتوبر کو ڈھاکا کے علاقے لالباغ سے انسدادِ دہشت گردی کے قانون کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ترجو جمعے کی شب گھر میں انتقال کر گیا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے غسل خانے گیا، تاہم کافی دیر تک واپس نہ آنے پر گھر والوں نے دروازہ توڑا تو وہ بے ہوشی کی حالت میں ملا۔ بعد ازاں اس کی موت ہو گئی۔ وہ پیدائش سے متعدد طبی مسائل کا شکار تھا اور زندگی کے دوران اس کے 10 سے 12 آپریشن بھی ہو چکے تھے۔

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ والدہ کی گرفتاری کے بعد ترجو کی طبی دیکھ بھال متاثر ہوئی، کیونکہ اسے کھانا کھلانے، ادویات دینے اور رات کے وقت بھی مسلسل نگہداشت کی ضرورت تھی۔ اس کی نانی کے مطابق وہ بار بار اپنی ماں سے ملنے کی خواہش ظاہر کرتا تھا۔ خاندان نے یہ بھی بتایا کہ والدہ کی عدم موجودگی میں اس کی طبی حالت اور ذہنی کیفیت مزید خراب ہوئی، تاہم ماں سے جدائی کو اس کی موت کی وجہ قرار دینے کی کوئی طبی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ترجو کی موت کے بعد خاندان نے والدہ کو آخری دیدار کے لیے عارضی رہائی دینے کی درخواست کی، تاہم شوہر شاہادت حسین نیپون کے مطابق جیل حکام نے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتِ حال اور پولیس اہلکاروں کی کمی کے باعث انہیں جیل سے باہر لے جانے سے معذوری ظاہر کی۔ چنانچہ ہفتے کی صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے ایک ایمبولینس میں ترجو کی میت کاشیم پور خواتین کی مرکزی جیل کے دروازے پر پہنچائی گئی۔

جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ محمد نذرالاسلام نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی منظوری اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شرمین سلطانہ کو اپنے بیٹے کا چہرہ دیکھنے کی اجازت دی گئی۔ ان کے مطابق یہ ملاقات تقریباً دو منٹ جاری رہی، جس کے بعد انہیں دوبارہ جیل کے اندر منتقل کر دیا گیا۔ تاہم شرمین کی بہن شمی کے مطابق آخری دیدار کا دورانیہ تقریباً پانچ منٹ تھا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شرمین سلطانہ کی ایک پرانی ویڈیو بھی دوبارہ گردش کرنے لگی، جس میں وہ اپنے بیمار بیٹے کی دیکھ بھال اور رات بھر ادویات دینے کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے رہائی کی اپیل کر رہی تھیں۔ ایک دوسری ویڈیو میں ترجو بھی اپنی والدہ کی رہائی کی درخواست کرتا دکھائی دیا تھا۔

شرمین کی بہن شمی نے دعویٰ کیا کہ ان کی بہن نے 2022ء میں سیاسی سرگرمیاں ترک کر دی تھیں تاکہ بیمار بیٹے کی دیکھ بھال کر سکیں۔ خاندان نے ان کی بے گناہی کا مؤقف بھی اختیار کیا ہے، جبکہ ان کیخلاف مقدمے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔