ممبئی (ٹائمز آف انڈیا، این ڈی ٹی وی، دی ویک) بھارت کے شہر ممبئی کے گھاٹ کوپر ریلوے اسٹیشن کے ایک عوامی واش روم میں 60 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا اور تشدد کرکے زخمی بھی کر دیا گیا۔ سرکاری ریلوے پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں 25 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ جمعرات 26 نومبر کی رات پیش آیا، جب خاتون اپنی 18 سالہ بیٹی کے ہمراہ گھر واپس جانے کے لیے ٹرین کے انتظار میں ریلوے اسٹیشن پر موجود تھیں۔ خاتون کی بیٹی پلیٹ فارم نمبر 2 پر انتظار کر رہی تھی جبکہ وہ رات تقریباً 11 بج کر 12 منٹ پر اسٹیشن کے واش روم چلی گئیں۔
پولیس کے مطابق واش روم میں کوئی ملازم یا محافظ تعینات نہیں تھا۔ اسی دوران ایک نوجوان خاتون کے پیچھے اندر داخل ہوا اور واش روم کا دروازہ اندر سے بند کر لیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زیادتی کی اور ان کے ماتھے پر بھی ضرب لگائی۔
پولیس کے مطابق ملزم رات 11 بج کر 19 منٹ پر واش روم سے باہر نکلا اور تیزی سے گھاٹ کوپر میٹرو اسٹیشن کی جانب فرار ہوگیا۔ خاتون تقریباً 11 بج کر 22 منٹ پر واش روم سے باہر آئیں اور اپنی بیٹی کو واقعے سے آگاہ کیا۔ دونوں نے پلیٹ فارم نمبر 4 پر قائم ریلوے پولیس کے دفتر پہنچ کر مدد طلب کی۔
خاتون کو طبی معائنے کے لیے گھاٹ کوپر کے راجاواڑی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے ریلوے اسٹیشن اور اطراف میں نصب نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
پولیس نے مختلف مقامات کی ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کے بعد مشتبہ شخص کی شناخت کی اور اسے گھاٹ کوپر کے علاقے اسالفا سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت تسلیم نور محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس اس کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کے بارے میں بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
واقعے کے بعد ممبئی کے مضافاتی ریلوے اسٹیشنوں پر خواتین کے تحفظ اور عوامی واش رومز میں حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

