بلاول بھٹو کی اسحاق ڈار سے ملاقات، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے کا معاملہ اٹھا دیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اسحاق ڈار سے ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے ملاقات میں شرکت کی۔

پیپلز پارٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اسحاق ڈار سے مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر چھاپے اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کی درخواست کی۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کم کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات میں احتیاط برتنے کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ حکومتی وفد کی جانب سے آئندہ پارلیمانی اجلاس اور قانون سازی کے لیے سیاسی تعاون کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے انہیں اپنی رہائش گاہ سیل کیے جانے، صاحبزادے کی گرفتاری اور گھر میں موجود خواتین کو باہر نکال کر مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔