بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، گھر سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کیے جانے کے واقعے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا جبکہ گھر میں موجود خواتین کو باہر نکال کر ہراساں کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ سیل کرنے اور اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی رہنما کے اہل خانہ کو اس طرح ہراساں کرنا قابلِ مذمت ہے۔

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے ملاقات کی تھی۔ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور نوید قمر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اسحاق ڈار سے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے واقعے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست بھی کی۔