ینگون (اے ایف پی، رائٹرز، الجزیرہ) میانمار میں فوجی فضائی حملوں کے نتیجے میں شادی کی تقریب، اسکول، خانقاہ اور بازار سمیت مختلف مقامات پر درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 30 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، جبکہ بعض مقامات پر ہلاکتوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ بتائی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ہفتے کے روز شمال مشرقی علاقے موئے بائی میں ایک مکان کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جہاں دو بے گھر افراد کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔ مقامی امدادی تنظیم کے سربراہ نے بتایا کہ اس حملے میں 21 افراد ہلاک ہوئے جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو اسے 17 لاشیں دکھائی دیں۔
امدادی کارکنوں کے مطابق حملے کے بعد جب لوگ زخمیوں کو نکالنے کیلئےپہنچے تو دوسرا بم بھی گرایا گیا۔ علاقے میں بڑی تعداد میں ایسے افراد مقیم ہیں جو جاری خانہ جنگی کے باعث اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
دوسری جانب مغربی ریاست راکھین کے قصبے مراوک یو میں ایک بازار پر فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی جنازہ گاہ کی تنظیم کے سربراہ ہلا مونگ او کے مطابق حملے کے بعد ملبے سے لاشیں نکالی گئیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
اس سے قبل جمعرات کو وسطی میانمار کے علاقے ماگوے میں ایک اسکول اور خانقاہ کے احاطے پر فضائی حملہ کیا گیا تھا۔ اپوزیشن کی قومی اتحاد حکومت کے ترجمان اور مقامی عینی شاہد کے مطابق اس حملے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے جن میں 20 شہری، خواتین، بچے اور طلبہ سمیت 9 مزاحمتی جنگجو شامل تھے۔ حملہ اس وقت ہوا جب وہاں مذہبی تقریب جاری تھی۔
اپوزیشن حکام کے مطابق حملے میں چار بھاری فضائی بم، توپ خانے کے 12 گولے اور سات خودکش ڈرون استعمال کیے گئے۔ ایک مقامی عینی شاہد نے بتایا کہ حملے کے وقت علاقے میں کوئی باقاعدہ لڑائی جاری نہیں تھی، تاہم فوج کے حامی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وہاں مزاحمتی جنگجوؤں کا اجتماع تھا۔
میانمار کی فوجی حکومت نے ان حملوں پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، جبکہ خبر رساں اداروں کے مطابق ہلاکتوں اور واقعات سے متعلق بعض تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
میانمار میں 2021ء میں فوجی بغاوت کے بعد سے خانہ جنگی جاری ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ تنازع کے دوران فوج اور مسلح مزاحمتی گروہوں کے درمیان لڑائی ملک کے مختلف علاقوں تک پھیل چکی ہے۔

