تل ابیب: صمود فلوٹیلا کے 37 فرانسیسی ارکان ملک بدر، ترکیے منتقل

تل ابیب(رائٹرز، غیر ملکی میڈیا)اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کیلئےامداد لے جانے والے “صمود فلوٹیلا”کے 37 ارکان کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک بدر کیے گئے افراد میں شامل 37 فرانسیسی شہریوں کو بعد ازاں ترکیے منتقل کر دیا گیا، جس کی تصدیق فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے بھی کی ہے۔

یہ افراد غزہ جانیوالے امدادی بحری قافلے کا حصہ تھے جنہیں اسرائیلی حکام نے حراست میں لیا تھا۔فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ اس معاملے پر احتجاج کے طور پر ایک سینئر اسرائیلی سفارت کار کو طلب کیا گیا ہے۔

یہ احتجاج اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتامار بن گویر کی ایک ویڈیو کے بعد کیا گیا جس میں انہیں مبینہ طور پر زیرِحراست کارکنوں کا مذاق اڑاتے دیکھا گیا۔ترجمان کے مطابق فی الحال اطالوی وزیر خارجہ کی جانب سے اسرائیلی وزیر پر پابندیاں لگانے کے مطالبے پر حتمی بات کرنا قبل از وقت ہے۔