واشنگٹن( رائٹرز، اے ایف پی، امریکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے تاہم ناکہ بندی جاری ہے اور ایران اپنا تیل فروخت نہیں کر سکے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت انتہائی مشکل صورتحال میں ہے اور انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ ایران مذاکرات میں واپس آتا ہے یا نہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نہ تو اپنا تیل بیچ سکے گا اور نہ ہی ایٹمی ہتھیار بنانے کے قابل ہوگا۔انہوں نے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ لیو کے بڑے مداح نہیں ہیں۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی پیش گوئی ہے کہ ایران دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئے گا اور امریکا کے مطالبات مان لے گا۔انہوں نے پاکستانی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو غیر معمولی شخصیات قرار دیا تھا۔

