پشاور (محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا، محکمہ انسداد دہشت گردی)خیبر پختونخوا کے محکمہ داخلہ نے دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب 15 افراد کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کیلئے انعامات کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق مطلوب شخص خورشید کی گرفتاری یا اس سے متعلق قابلِ عمل اطلاع فراہم کرنے پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، جو فہرست میں سب سے زیادہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق شیر آمین عرف کاکا کی گرفتاری یا اطلاع دینے پر ایک کروڑ روپے، جبکہ قاری احسان اور شیر عالم کی گرفتاری میں مدد دینے پر 60، 60 لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔
اسی طرح سپین شاہ، اعجاز اور دیگر مطلوب افراد کی گرفتاری یا ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 50، 50 لاکھ روپے، جبکہ کفایت، حضرت حسین اور شریف اللہ کی گرفتاری یا اطلاع دینے پر 40، 40 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مطلوب افراد سے متعلق کسی بھی معلومات سے فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا جائے۔سی ٹی ڈی کے مطابق اطلاع فراہم کرنے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

