دھاندلی سے اقتدار میں آنیوالوں کو کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دینگے: بلاول بھٹو زرداری

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا پہلا وزیرِ اعلیٰ پنجاب دھاندلی کے ذریعے بنا، جبکہ ان کا وزیرِ اعظم آر او الیکشن کی وجہ سے اقتدار میں آیا۔

مظفرآباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے ہیں اور نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہیں، تاہم ہم انہیں کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، 2 اگست کو تیر کی جیت یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تین نسلوں سے مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتی آ رہی ہے اور مظفرآباد کے عوام مخالفین کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ چوہدری یاسین کی آبائی نشست پر 30 پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کرکے ٹھپے لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری یاسین کی شکست کو تسلیم نہیں کرتے، ہمارے پاس 30 پولنگ اسٹیشنوں کے شواہد موجود ہیں، الیکشن کمیشن ان پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرائے۔

انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ نشست جو دھاندلی کے ذریعے چھینی گئی ہے، واپس لے کر رہیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست قبول کی جا سکتی ہے، لیکن دھاندلی کے ذریعے چرائے گئے مینڈیٹ کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کشمیر میں جو لوگ شہید ہو رہے ہیں، اس مسئلے کا حل پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس موجود ہے۔ اس معاملے پر ایک کمیشن قائم کیا جانا چاہیے اور احتجاج کرنے والوں کو کمیشن کی رپورٹ آنے تک انتظار کرنا چاہیے۔