اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے حکومت کے مجوزہ روزانہ قیمتوں کے نظام کو ’’آدھا تیتر، آدھا بٹیر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر ہونا چاہیے، جبکہ ڈیلرز کے کمیشن کا مسئلہ بھی فوری طور پر حل کیا جائے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہمایوں خان نے کہا کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایک جانب اوگرا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز) ہیں اور دوسری جانب حکومتی پالیسیوں کا دباؤ ہے، جس کے باعث ڈیلرز کے لیے کاروبار چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کا نظام ناقابلِ عمل ہے اور اس میں کئی عملی مشکلات موجود ہیں۔ ان کے بقول، قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جانا چاہیے اور ڈیلرز کے کمیشن میں بھی مناسب اضافہ کیا جائے۔
چیئرمین ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ملک بھر کے پیٹرول پمپ مالکان کل رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
ہمایوں خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرولیم سے متعلق پالیسیاں مرتب کرتے وقت پیٹرول پمپ مالکان اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں نہیں لیتی، حالانکہ ان پالیسیوں کے اثرات براہِ راست ڈیلرز اور صارفین پر مرتب ہوتے ہیں۔

