لاہور: سانحہ کاہنہ، زخمی خاتون ٹیچر نے تعمیراتی کام ہونے کی تردید کردی

لاہور (نامہ نگار)لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون ٹیچر نے حادثے کے وقت عمارت میں تعمیراتی کام جاری ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھت گرنے کے وقت کسی قسم کا تعمیراتی کام نہیں ہو رہا تھا۔

میڈیا سے گفتگو میں خاتون ٹیچر نے بتایا کہ ان کے شوہر گھر کے قریب فروٹ کی ریڑھی لگاتے ہیں، جبکہ وہ خود ٹیوشن پڑھا کر گھر کا نظام چلاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی وسائل محدود ہونے کے باعث چھت پر لینٹر نہیں ڈلوایا جا سکا، البتہ چھت کو پختہ ضرور کرایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت عمارت میں کوئی تعمیراتی سرگرمی جاری نہیں تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے واقعے کے سلسلے میں عمارت کے مالک اور ٹیوشن سینٹر سے وابستہ افراد سمیت 5 افراد کو حراست میں لے رکھا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔