لاہور: غیرملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور تاوان کا مقدمہ، رضا ڈار سمیت 4 ملزمان گرفتار

لاہور(پولیس، ایف آئی آر)لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دو غیرملکی خواتین سٹیفنی ایڈریانا اور آسٹرڈ روبنسن برا کے اغوا، مبینہ زیادتی، یرغمال بنانے اور تاوان طلب کرنے کے الزام میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کےنواسے رضا ڈار سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملک نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے نواسےمحمد رضا ڈار کی اکتوبر 2025ء میں سنگاپور میں دونوں خواتین سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد انہوں نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی اور ویزوں کا انتظام بھی خود کیا۔

مقدمے میں درج مؤقف کے مطابق ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی سٹیفنی ایڈریانا اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی آسٹرڈ روبنسن براکو 29 جون 2026ء کو لاہور پہنچیں، جہاں رضا ڈار انہیں ایئرپورٹ سے ڈیفنس میں واقع ایک گھر لے گیا، جہاں اس کے دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ خواتین کو اغوا کے بعد یرغمال بنایا گیا، ان میں سے ایک خاتون کو متعدد مرتبہ اجتماعی زیادتی اور غیر فطری جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسری خاتون سے بھی مبینہ زیادتی کی کوشش کی گئی۔ مقدمے کے مطابق رضا ڈار خود بھی مغوی بننے کا ڈرامہ کرتا رہا جبکہ دیگر ملزمان خواتین پر رقم کیلئے دباؤ ڈالتے رہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے متاثرہ خواتین کے اہل خانہ سے رہائی کے بدلے 15 لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں تشدد، قتل اور اعضا فروخت کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ایف آئی آر میں عائد الزامات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مقدمے میں نامزد ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔