لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پیٹرول پمپس کی مشینیں کنٹرول کرکے شہریوں کو مقررہ مقدار سے کم پیٹرول فراہم کرنے کا بڑا سائبر فراڈ پکڑا گیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار اور چار پیٹرول پمپس سیل کر دیے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پیٹرول پمپس پر نصب الیکٹرانک آلات اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فیول ڈسپنسنگ مشینوں کو کنٹرول کیا جا رہا تھا، جس کے ذریعے صارفین کو مشین پر ظاہر ہونیوالی مقدار کے مقابلے میں 10 سے 30 فیصد تک کم پیٹرول فراہم کیا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ واردات کے تحت اگر کوئی شہری 10 ہزار روپے کا پیٹرول ڈلواتا تو اسے صرف 6 ہزار روپے کے برابر پیٹرول ملتا، جبکہ باقی رقم مبینہ طور پر فراڈ کے ذریعے حاصل کی جاتی تھی۔ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے مشینوں کی پروگرامنگ اور الیکٹرانک سگنلز میں ردوبدل کیا جاتا تھا، جس کے باعث عام سرکاری جانچ کے دوران بھی مشینوں کا پیمانہ بظاہر درست دکھائی دیتا تھا۔
این سی سی آئی اے نے جوہر ٹاؤن، لاہور کینٹ، گلشن راوی اور بند روڈ پر واقع چار پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی۔ ان میں اے اینڈ اے فلنگ اسٹیشن جوہر ٹاؤن، ہڈیارہ فلنگ اسٹیشن برکی ہڈیارہ، راوی فلنگ اسٹیشن گلشن راوی اور یمنیٰ پیٹرول پمپ بند روڈ شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران 10 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس اور 14 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔ دو موبائل ایپلی کیشن تیار کرنے والے افراد سمیت مجموعی طور پر 14 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ حکام کے مطابق مقدمات میں نامزد بعض دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائی جاری ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ چاروں پیٹرول پمپس نے ایک سال کے دوران اس مبینہ ڈیجیٹل فراڈ کے ذریعے تقریباً 39 کروڑ 74 لاکھ روپے کا غیر قانونی منافع حاصل کیا۔ اس رقم کا ماہانہ تخمینہ تقریباً ایک کروڑ 27 لاکھ 68 ہزار روپے اور ہفتہ وار تقریباً 29 لاکھ 79 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ حتمی مالی نقصان کا تعین مزید تحقیقات اور تکنیکی جانچ کے بعد ہوگا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ مبینہ طور پر غیر قانونی ڈیجیٹل آلات عام پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے والی مشینوں میں نصب کیے گئے تھے، جبکہ ہائی آکٹین کی مشینوں کو اس نظام سے متاثر نہیں کیا گیا۔ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے مشینوں کے الیکٹرانک نظام میں ردوبدل کرکے شہریوں کو کم مقدار میں ایندھن فراہم کیا جاتا تھا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ متعلقہ پیٹرول پمپس کے لائسنس معطل کرنے اور مزید قانونی کارروائی کیلئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو خطوط بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کرنے کے لیے بھی متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا ہے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور اس غیر قانونی نظام میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ادارے کے حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی سائبر فراڈ، بلیک میلنگ یا دیگر غیر قانونی ڈیجیٹل سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ ادارے کو دیں۔

