اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کو کمپنی کا پہلا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ تقرری عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں سرمایہ کار کنسورشیم کو پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول منتقل ہونے اور نجکاری کے پہلے مالی مرحلے کی تکمیل کے بعد عمل میں آئی۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، جو اس وقت فوجی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں، نجکاری کے بعد پی آئی اے کے بورڈ کی سربراہی کریں گے اور ایئرلائن کی تنظیمِ نو اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے کی نگرانی کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ پی آئی اے کی ملکیت کا ڈھانچہ تبدیل ہو گیا ہے، تاہم پاکستانی عوام کے لیے اس کی ذمہ داری اور خدمت کا جذبہ بدستور برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنی تاریخی شناخت اور ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے ایک جدید اور معیاری فضائی کمپنی کے طور پر ترقی کرے گی، جہاں مسافروں کو بہتر سہولتیں، پروازوں کے نیٹ ورک میں توسیع اور اعلیٰ معیار کی آپریشنل خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نجکاری کے پہلے مرحلے کے تحت سرمایہ کار کنسورشیم نے حکومت کو ابتدائی ادائیگی کرنے کے ساتھ پی آئی اے میں نیا سرمایہ بھی فراہم کیا ہے، جس کا مقصد کمپنی کی مالی پوزیشن مستحکم کرنا، فضائی بیڑے کو جدید بنانا اور مستقبل میں توسیعی منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔

