مسی ساگا میں بلدیاتی انتخابات سے قبل ’’بھائی لوگ‘‘ کا میٹ اینڈ گریٹ

مسی ساگا(باباعرفان ملک سے) کینیڈا میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مسی ساگا میں ’’بھائی لوگ‘‘ کی جانب سے میٹ اینڈ گریٹ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کے افراد کو سیاسی امیدواروں سے براہِ راست ملاقات، سوالات اور ان کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کیا گیا۔

پروگرام میں سابق میئر مسی ساگا بونی کرومبی اور کونسلر جو ہورنک نے شرکت کی اور کمیونٹی کیلئے اپنی ترجیحات، خیالات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ دونوں امیدواروں نے بلدیاتی امور اور شہر کے رہائشیوں کو درپیش مختلف مسائل پر اپنے مؤقف اور ترجیحات بیان کیں۔

تقریب کے شرکاء نے امیدواروں سے براہِ راست سوالات کیے اور شہر کے مستقبل، بلدیاتی نظام اور شہریوں سے متعلق مختلف معاملات پر گفتگو کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام شہریوں کو سوشل میڈیا مہمات اور انتخابی نعروں سے ہٹ کر امیدواروں کو براہِ راست سننے، سوال کرنے اور مختلف امیدواروں کے منشور اور ترجیحات کا موازنہ کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جس سے ووٹرز کو باخبر فیصلہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔

شرکاء نے ’’بھائی لوگ‘‘ کی جانب سے کمیونٹی کو سیاسی اور بلدیاتی امور کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے اور امیدواروں و شہریوں کے درمیان براہِ راست رابطے کیلئےپلیٹ فارم مہیا کرنے کے اقدام کو سراہا۔

اس موقع پر مبین قریشی، فیضان شیخ اور ’’بھائی لوگ‘‘ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ کھلے، باعزت اور تعمیری سیاسی مکالمے کیلئے ایسے پروگرام جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ باخبر شہری ہی مضبوط کمیونٹی کی بنیاد ہوتے ہیں، اسلئے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر شہریوں میں سیاسی شعور، ووٹر آگاہی اور شہری معاملات میں فعال شرکت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پروگرام کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسی ساگا کے مستقبل کے حوالے سے مثبت اور بامقصد مکالمے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگااور کمیونٹی کو مقامی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائیگی۔