مظفرآباد:نواز شریف نےآزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہارکردیا

مظفرآباد (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ان کا دوسرا گھر ہے اور وہ اسے پنجاب جتنا ہی عزیز سمجھتے ہیں۔

مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی تو وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہیں گے کہ انہیں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی تو وہ ہر تین ماہ بعد خود آزاد کشمیر آ کر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا کریں گے اور تمام مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبے ان کے لیے یکساں اہمیت رکھتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوارِ حکومت میں ترقیاتی منصوبوں میں کبھی کسی علاقے کے ساتھ امتیاز نہیں برتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد وزیراعظم شہباز شریف نے رکھی تھی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ان منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچا رہی ہیں۔ نواز شریف کے مطابق انہوں نے مریم نواز کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرائے جائیں۔

نواز شریف نے وعدہ کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بناتی ہے تو پنجاب جیسے ترقیاتی منصوبے وہاں بھی شروع کیے جائیں گے، موٹروے تعمیر کی جائے گی اور دریائے جہلم کے کنارے ایک خوبصورت شاہراہ بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا، جبکہ آئندہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو آزاد کشمیر کا بجٹ دس گنا تک بڑھایا جائے گا۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے اعلان کیا کہ مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسیں آئندہ چند روز میں پہنچ جائیں گی، جبکہ آزاد کشمیر کے لیے 15 موبائل اسپتال بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ تمام اعلانات صرف آغاز ہیں اور اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو مزید ترقیاتی منصوبے بھی آزاد کشمیر لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے، اسے پورا بھی کرتا ہے۔