مظفرآباد( نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں وہ انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کی بنیاد پر نہیں بلکہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور جمہوری اقدار کے احترام کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق جب تک کشمیری عوام کو آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر نہیں آتا، تحریک انصاف انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے گی۔
پی ٹی آئی نے اپنے اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا کہ آزاد کشمیر اس وقت شدید بحران سے دوچار ہے، راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہری اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دے رہے ہیں، جبکہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خور و نوش کی ترسیل بھی بند ہے۔ پارٹی کے مطابق کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے ان کے مسائل کا فوری حل نکالا جانا چاہیے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی آئینی مدت اور قانونی تقاضوں کے مطابق 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق انتخابات کے التوا سے متعلق قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں اور انتخابی شیڈول کسی سیاسی مقصد کے تحت جاری نہیں کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور آزاد کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔

