نیتن یاہو کا سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ کے ساتھ اقتدار میں شراکت داری کا اعلان

یروشلم (رائٹرز، دی گارجین، الجزیرہ) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حکومت بچانے اور سیاسی بحران سے نکلنے کی کوشش میں اپنے حریف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے انہیں پہلے وزارتِ عظمیٰ کا منصب دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

نیتن یاہو نے ہفتے کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ مجوزہ قومی اتحاد کی حکومت میں گادی آئزن کوٹ کو پہلے وزیراعظم بننے کا موقع دینے اور خود ابتدائی دور میں متبادل وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو درپیش سنگین خطرات اور ایسے حالات میں حکومت بننے کے امکان کے پیش نظر، جو ان خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت نہ رکھتی ہو، ان کی قیادت کی ذمہ داری تقاضا کرتی ہے کہ وہ اپنی ترجیحات اور سب سے بڑی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے پہلے وزیراعظم بننے کا اصول بھی ایک طرف رکھ دیں۔

یہ پیشکش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب 27 اکتوبر کے انتخابات کے بعد اسرائیل میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی اور گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہیں 6 دسمبر تک حکومت بنانے کے لیے وقت دیا گیا ہے، جس میں مزید 14 دن کی توسیع بھی ممکن ہے۔

آئزن کوٹ کی جماعت یاشار نے بائیں بازو کی جماعت ڈیموکریٹس اور دائیں بازو کی جماعت اسرائیل بیتینو کے ساتھ اتحادی معاہدے کیے ہیں، تاہم حکومت بنانے کے لیے انہیں اب بھی 120 رکنی پارلیمنٹ میں کم از کم 61 ارکان کی حمایت درکار ہے۔

دوسری جانب آئزن کوٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ سنجیدہ مذاکرات سے گریز کر رہی ہے اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کوئی ٹھوس تجویز پیش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کے لیے سمجھوتے پر تیار ہے، بشرطیکہ مذاکرات حقیقی اور بامقصد ہوں۔

نیتن یاہو کی پیشکش پر سابق وزیراعظم یائیر لاپید نے تنقید کرتے ہوئے اسے سیاسی چال قرار دیا، جبکہ اسرائیل بیتینو کے سربراہ ایویگدور لیبرمین نے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ اس پیشکش کا مقصد نئی حکومت کی تشکیل روکنا اور ملک کو دوبارہ انتخابات کی طرف لے جانا ہو سکتا ہے۔

ادھر گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی پیشکش کے بعد فوری مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر لیکوڈ واقعی قومی اتحاد کی حکومت بنانے میں سنجیدہ ہے تو وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس کا عملی مظاہرہ کرے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اتوار کو ملاقات بھی طے پائی ہے، جس میں ممکنہ مخلوط حکومت کے قیام پر بات چیت متوقع ہے۔