اسلام آباد (نامہ نگار) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے نظام کے تحت خطے کی غیر یقینی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیشِ نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اس نظام کے مطابق اوگرا وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو آخری جاری کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
واضح رہے کہ 21 جولائی کیلئےجاری کردہ اعلان میں پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، تاہم تازہ نظرثانی کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

