کراچی جانیوالی شالیمار ایکسپریس بہاولپور اور سمہ سٹہ کے درمیان پٹری سے اتر گئی

بہاولپور(نامہ نگار) لاہور سے کراچی جانے والی 28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کی ایک کوچ بہاولپور اور سمہ سٹہ کے درمیان پٹری سے اتر گئی۔ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس کی ایک کوچ بہاولپور اور سمہ سٹہ کے درمیان ڈی ریل ہوئی، جس کے بعد اسے ٹرین سے الگ کردیا گیا۔

حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، جبکہ کوچ کو الگ کرنے کے بعد ٹرین کو فٹ قرار دے کر منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا، تاہم بہاولپور اور سمہ سٹہ کے درمیان ریلوے ٹریک ٹرینوں کی آمدورفت کیلئےکلیئر کردیا گیا ہے۔واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔