کراچی(نامہ نگار)انسدادِ منشیات کی عدالت نے سمندری راستے سے منشیات بیرونِ ملک اسمگل کرنے کے مقدمے میں 9 ملزمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے 2023ء میں 9 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن کے قبضے سے 525 کلو گرام منشیات اور 48 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان غریب ماہی گیر ہیں، انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے جبکہ کیس میں کوئی کشتی بھی قبضے میں نہیں لی گئی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا ہے۔عدالت نے تمام 9 ملزمان کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے فی کس 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

