گجرات میں خاتون نے مبینہ طور پر عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا

احمد آباد ( بھارتی میڈیا، پولیس حکام)بھارتی ریاست گجرات میں ایک خاتون پر اپنے مبینہ عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کا الزام سامنے آیا ہے، پولیس نے مقدمے میں مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد کرائم برانچ نے کئی ماہ کی تفتیش کے بعد قتل کی سازش بے نقاب کرتے ہوئے کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق مقتول شانتی گیری گوسوامی کی لاش نہر سے ملی تھی، جسے ابتدا میں حادثاتی موت قرار دیا گیا، تاہم بعد کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ انہیں منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔تحقیقات کے مطابق مقتول کی اہلیہ جاگرتی گوسوامی پہلے اپنے شوہر سکھ دیو گیری گوسوامی کے ساتھ رہتی تھیں اور ان کے 2 بچے بھی تھے، بعد ازاں وہ اپنے دیور شانتی گیری گوسوامی کے ساتھ رہنے لگیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شانتی گیری ٹرک ڈرائیور تھا اور اکثر گھر سے باہر رہتا تھا، اسی دوران جاگرتی کے کانتی لال عرف بھارت بھائی سباریا نامی شخص کے ساتھ تعلقات قائم ہو گئے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان نے پہلے 25 ہزار روپے دے کر ایک شخص کو قتل کی ذمہ داری سونپی، تاہم وہ خوفزدہ ہو کر فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق منصوبہ ناکام ہونے کے بعد جاگرتی اور کانتی لال نے مبینہ طور پر شانتی گیری کو گھر میں گلا دبا کر قتل کیا جبکہ لاش ٹھکانے لگانے کیلئےدیپک عرف منّا کی مدد لی گئی جو مبینہ طور پر جاگرتی کے ساتھ تعلق میں تھا۔رپورٹس کے مطابق ملزمان لاش کو گاڑی میں ڈال کر نہر میں پھینک آئے تاکہ واقعہ حادثہ محسوس ہو۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 18 مئی کو جاگرتی گوسوامی اور کانتی لال عرف بھارت بھائی سباریا کو قتل، سازش اور شواہد مٹانے کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر مشتبہ افراد سے بھی تفتیش جاری ہے۔