آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت جاری، امریکی دعوؤں پر سوالات

واشنگٹن/خلیج (نامہ نگار)امریکی ناکہ بندی کے باوجود 24 گھنٹوں کے دوران 20 سے زائد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔امریکی جریدے کے مطابق حالیہ کشیدگی کے باوجود تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل نہیں ہوئیں اور متعدد بحری جہاز گزرنے میں کامیاب رہے۔

اس کے برعکس امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا تھا کہ ہرمز کی بندش کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 6 بحری جہازوں کو واپس لوٹا دیا گیا جبکہ کوئی ایرانی جہاز آبنائے ہرمز سے نہیں گزر سکا۔

سینٹ کام کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کیلئے10 ہزار سے زائد سیلرز، میرینز اور ایئرمین تعینات کیے گئے ہیں اور یہ پابندی ایرانی بندرگاہوں کی جانب آنے جانے والے بحری جہازوں پر لاگو ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے علاوہ خلیج کی دیگر بندرگاہیں بدستور بحری جہازوں کیلئے کھلی ہیں، تاہم تازہ رپورٹ نے زمینی حقائق اور سرکاری دعوؤں کے درمیان تضاد کو نمایاں کر دیا ہے۔