آبنائے ہرمز میں کشیدگی میں اضافہ، امریکا کا 7 ایرانی کشتیوں پر حملے کا دعویٰ

واشنگٹن ( رائٹرز، اے ایف پی، سی این این، بی بی سی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کی 7 کشتیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایران پر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں اپنی موجودگی اور مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں تہران اس نوعیت کے الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے۔عالمی مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اسی اہم بحری راستے سے گزرتا ہے۔